شاعر مشرق اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں آنکھ کھولی۔انہوں نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ میں حاصل کی۔ بعد مشن ہائی اسکول سے میٹرک کیا اور مرے کالج سے ایف اے کا امتحان پاس کیا۔انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے فلسفے میں ایم اے کیا، ایم اے کرنے کے بعد آپ اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلستان چلے گئے اور قانون کی ڈگری اور جرمنی سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔
علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے شاعری کے ساتھ وکالت بھی کی اور ملک کی سیاسی تحریکوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ 1922 میں حکومت برطانیہ نے انہیں سر کا خطاب دیا۔
ڈاکٹر علامہ محمد اقبال آزادی وطن کے علمبردار تھے، انہوں نے اپنی شاعری سے برصغیر کی مسلم قوم میں بیداری کی نئی روح پھونک دی اور 1930 میں علیحدہ وطن کا خواب دیکھا۔شاعری میں بنیادی رجحان تصوف اور احیائے امت اسلام کی طرف تھا۔ "دا ریکنسٹرکشن آف ریلیجس تھاٹ ان اسلام" کے نام سے انگریزی میں ایک نثری کتاب بھی تحریر کی۔ علامہ اقبال کو دور جدید کا صوفی سمجھا جاتا ہے۔
اقبال کی شاعری کے چند اشعار ملاحظہ ہوں
؎ اے ہمالہ! اے فصیل کشور ہندوستاں چومتا ہے تیری پیشانی کو جھک کر آسماں
تجھ میں کچھ پیدا نہیں دیرینہ روزی کے نشاں تو جواں ہے گردش شام و سحر کے درمیاں
علامہ اقبال کو پاکستان کا نظریاتی باپ سمجھا جاتا ہے۔ گو کہ انہوں نے اس نئے ملک کے قیام کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا لیکن انہیں پاکستان کے قومی شاعر کی حیثیت حاصل ہے۔
قیام پاکستان سے قبل ہی علامہ محمد اقبال 21 اپریل 1938 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ اور انہیں لاہور میں سپرد خاک کیا گیا۔

0 تبصرے