Ticker

3/recent/ticker-posts

H1

سمّو رانی اور جیبی خرگوش |ارسلان اللّٰہ خان | کہانی مقابلہ برائے اطفال

#کہانی_مقابلہ_برائے_اطفال
#کہانی_نمبر_20
الفاظ کی تعداد : 1480
عنوان : سمّو رانی اور جیبی خرگوش
ازقلم : ارسلان اللّٰہ خان

 ایک گاؤں میں ایک کسان رہاکرتا تھا۔ اُس کے سات بیٹے تھے۔ کوئی بیٹی نہ تھی۔ اُس کے ساتوں بیٹے کوئی نہ کوئی کام کرتے تھے جس سے گھر میں
 فراوانی تھی۔ کسان کے پاس اللہ کا دیا سب کچھ تھا۔ہاں اگر کسی چیز کی کمی تھی تو وہ بیٹی کی۔ کسان اور اُس کی بیوی کو لڑکی کی بڑی خواہش تھی۔وہ دونوں بیٹی کے لیے دُعا کرتے رہتے۔ آخر کار اللہ نے اُن کی سُن لی اور اُن کے یہاں ایک ننّھی پری نے جنم لیا۔کسان کے لیے بیٹی اتنی انمول تھی کہ اُس نے اس کا نام ”ثمین“ رکھا یعنی قیمتی۔وہ اپنے والدین اور ساتوں بھائیوں کی لاڈلی تھی۔ پیار سے اُس کی ماں اُسے ”سمّو رانی“ کہتی اور پھر رفتہ رفتہ سب ہی ثمین کو اسی نام سے پُکارنے لگے۔ہر ایک اُس پر جان چھڑکتا ۔ اُسے باغ لے جاکر جھولا جھُلانا،کھلونےدلانا،بہترین کپڑے پہنانا، صحت بخش اور اچھی چیز کھلانا۔۔۔۔غرض ہر طرح اُس کی آؤ بھگت کی جاتی۔
سمّو رانی کے آنے سے جیسے کسان کے گھر میں رونق آگئی تھی۔ہر طرف خوشیاں ہی خوشیاں تھیں۔کسان کوخرگوش پالنے کا بے حد شوق تھا۔اُس کے خرگوش بھی سمّو رانی پر فدا تھے۔وہ سمّو رانی کے گرد ہی گھومتے رہتے اور اُس کے ساتھ اُچھل کود کرتے رہتے۔انہی خرگوشوں میں سے ایک ننّھا سا خرگوش کا بچّہ سمّو رانی کی جیب میں گھُس جاتا جبھی اسے جیبی خرگوش کہا جانے لگا۔وہ ہر وقت اس کے ساتھ کھیلتی۔
سمّو رانی جب ایک سال کی ہوئی تو اُس کی سالگرہ بڑے زور وشور سے منائی گئی۔ 
سمّو رانی نے اب بولنا بھی شروع کردیا تھا۔ جیسے جیسے وہ بولتی اُسی طرح جیبی خرگوش بھی بولنے کی کوشش کرتا اور جب اُس کی عُمر تین سال ہوئی تو اس دوران خرگوش بھی بولنے کا ماہر بن چُکا تھا۔ اب خرگوش سمّو رانی سے باتیں کرتا اور سب دیکھ کر خوش ہوتے۔ یہ بات سارے گاؤں کے بچّوں کے لیے نہایت اچھنبے کی تھی چُنانچہ جب وہ سمّو رانی کے ساتھ اُس کے خرگوش کو دیکھتے تو کہہ اُٹھتے:
”وہ دیکھو سمّو رانی اور جیبی خرگوش“۔
جب وہ چار سال کی ہوئی تو کسان نے اُسے گاؤں کے مُضافات میں بنے ایک بڑے اسکول میں داخل کرادیا۔وہ اپنی بیٹی کو پڑھانا چاہتا تھا۔ سمّو رانی اگرچہ ایک بہادر بچّی تھی لیکن جو بچّی ہر وقت والدین اور بھائیوں ہی کے ساتھ رہتی ہو اُس کے لیے اچانک گھر سے دور اسکول جانا بہت مشکل کام تھا۔ پہلی بار اسکول جاتے ہوئے وہ رونے لگی تو اُس کی ماں نے کہا:
”سمّو رانی! جب تک تُمہارا دل نہیں لگ جاتا میں بھی تُمہارے ساتھ اسکول جاؤں گی۔“
سمّو رانی چُپکے سے جیبی خرگوش کو اپنے یونیفارم کی فراک کی جیب میں ڈال دیتی اوریوں وہ بھی اسکول پہنچ جاتا۔
ایک دن اُستانی نے سمّو رانی سے پوچھا:
”ننّھی بچّی! تُمہارا نام کیا ہے“؟۔
اس سے قبل کہ وہ کچھ کہتی۔جیبی خرگوش جیب کے اندر سے بولا:
”مس یہ سمّو رانی ہے، سمّو رانی“۔
مس بیچاری ہکّا بکّا رہ گئیں۔کلاس کے سارے بچّے زور زور سے ہنسنے لگے۔ مس نے کہا:
”ننھی بچّی اس شرارتی خرگوش سے ہمیں بھی ملواؤ“۔
بس یہ سُننا تھا کہ خرگوش صاحب سمّو رانی کی جیب سے باہر کود پڑے اورناچنا شروع کردیا۔اب تو مس کی بھی ہنسی چھوٹ گئی اور ساری کلا س قہقہوں اور تالیوں سے گونج اُٹھی۔
کلاس میں پڑھائی کے دوران سمّو رانی کے ساتھ ساتھ خرگوش بھی سارے اسباق توجّہ سے سُنتا اور جو چیز گھر آکر سمّو رانی کی سمجھ میں نہیں آتی، جھٹ سے اُسے سمجھا دیتا۔ سمّو رانی خوب دل لگاکر پڑھتی یہاں تک کہ نرسری کے امتحان میں پوری کلاس میں وہ اوّل آئی۔ یہ بات جہاں اُس کی مِسوں اور گھر والوں کے لیے نہایت خوشی کا باعث تھی وہیں وڈیرے کی بیٹی نے دوسری پوزیشن لینے پر سارا گھر آسمان پر اُٹھا رکھا تھا۔
دراصل اس اسکول میں گاؤں کے وڈیرے کی اکلوتی اولاد، اُس کی چہیتی بیٹی دُعا بھی پڑھتی تھی۔وہ بھی سمّو رانی ہی کی ہم جماعت تھی۔ سمّو رانی کے اوّل آنے سے اُس کے اندر حسد کی آگ بھڑک اُٹھی۔ وڈیرے کو بھی بہت غُصّہ آیا۔ اُس نے فوراً مُنشی کو بلا کر کہا:
”ہماری بیٹی اوّل کیوں نہیں آئی؟“
”صاحب! وہ کسان کی بیٹی ہے نا۔۔۔۔وہ اوّل آئی ہے۔“
”کون کسان؟ کیا اب ہمارے غُلام ہم سے آگے بڑھیں گے۔“
” یہ نہیں ہوسکتا۔۔۔میں دُعا کی آنکھوں میں آنسونہیں دیکھ سکتا۔“
وڈیرے نے پرنسپل کو فون ملایا اور حکم دیا کہ دُعا کو فوری طور پر اول پوزیشن دی جاۓ ۔۔۔۔۔پرنسپل صاحب ایک بہادر اور انصاف پسند انسان تھے ، انہوں نے صاف انکار کردیا ۔ 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک دن سمّو رانی اسکول کی کینٹین سے آلو کے چپس لے رہی تھی۔دوسرے بچّے بھی لائن میں کھڑے تھے۔ جب سمّو رانی کی باری آئی تو کینٹین والے انکل نے پچاس روپے کے بہت تھوڑے سے چپس ایک کاغذ میں کرکے سمّو رانی کو پکڑادیے۔جیبی خرگوش چِلّایا:
”یہ کون سا طریقہ ہے انکل؟ آلو تو بہت سستے ہیں۔ پچاس روپے میں جتنے آلو کے چپس آپ دے رہے ہیں اتنے روپے میں تو چپس کا ایک ڈبّہ آسکتا ہے۔“
سارے بچّے خوب ہنسے اور انکل بیچارے جھینپ گئے۔اگلے ہی دن بچّوں نے پرنسپل صاحب سے اس بات کی شکایت کی تو پرنسپل صاحب نے ایکشن لیتے ہوئے آلو کے چپس کی قیمت بیس روپے کردی اور چپس بھی بھر بھر کر ڈبوں میں دیے جانے لگے ۔سب بچّے بہت خوش ہوئے اور نعرہ لگایا:
”سمّو رانی اور جیبی خرگوش زندہ باد
سمّو رانی اور جیبی خرگوش زندہ باد“۔
اس واقعے کے بعد تو دُعا کو شدید غُصّہ آیا۔اُس نے اپنے جذبات پر قابو پاتے ہوئے سمّو رانی سے دوستی کا ہاتھ بڑھایا۔وہ جانتی تھی کہ سمّو رانی کی سب سے بڑی طاقت اور کمزوری ”جیبی خرگوش“ ہے۔ اُس نے چند دنوں میں سمّو رانی سے پکّی دوستی کرلی۔ ایک دن دُعا نے چھُٹّی سے قبل سمّو رانی سے جیبی خرگوش کھیلنے کیلیے مانگ لیا۔اسی دوران چھٹّی کی گھنٹی بج گئی۔اب سمّو رانی جیسے ہی دُعا کے پاس پہنچی تو وہ اتنی دیر میں اپنی کار میں بیٹھ چکی تھی۔۔۔۔۔ اور دیکھتے ہی دیکھتے کار روانہ ہوگئی۔
 
سمّو رانی گھر آئی تو وہ ننھّی سی جان رو رو کر ہلکان ہوئی جاتی تھی۔
کسان نے کہا کہ میں وڈیرے سے اپنی بچّی کا جیبی خرگوش لے کر آؤں گا۔
اسی دوران خرگوشوں میں ہلچل مچ گئی ۔ سارے خرگوشوں نے مل کر طے کیا کہ کسی طرح جیبی خرگوش کو واپس لائیں گے۔ سمّو رانی اس دوران اکیلے ہی دُعاکے کے گھر کی جانب نکل پڑی۔اب گھر سے سمّو رانی بھی غائب تھی اس طرح ایک اور مُصیبت کھڑی ہوگئی۔ کسان اپنے ساتوں بیٹوں اورکچھ گاؤں والوں کے ساتھ وڈیرے کے یہاں پہنچا۔
سمّو رانی کسی نہ کسی طرح دُعا کے گھر پہنچ گئی۔اسے دیکھتے ہی دُعا کے ڈرائیور نے اُسے بھی پکڑ کر ایک کمرے میں قید کرلیا جہاں پہلے سے جیبی خرگوش موجود تھا۔ سمّو رانی نے جیبی خرگوش کو دیکھا تو اُس کی جان میں جان آئی۔جیبی خرگوش بولا : 
" سمّو رانی ! تمہیں اکیلے گھر سے نہیں نکلنا چاہیے تھا ۔" 
کسان کے وہاں پہنچنے سے قبل ، خرگوشوں نے بہت بڑی تعداد میں وڈیرے کے یہاں دھاوا بول دیا۔کچھ خرگوش چوکیدار کے مُنہ پر کود پڑے اور کچھ خرگوشوں نے مل کرڈرائیور پر چھلانگ لگاکر اُس کو زمین پر گرا کر دیا۔
اسی دوران سارے خرگوش دُعاکے کمرے میں دوڑے۔ اتنے سارے خرگوشوں کو ایک ساتھ حملہ کرتے دیکھ کر وہ خوف کے مارے چیخنے لگی۔ جب وڈیرہ یہ چیخ سن کر وہاں پہنچا تو دُعا آگے آگے بھاگ رہی تھی اور سینکڑوں خرگوش اس کے پیچھے دوڑ رہے تھے ۔۔۔۔۔ دُعا نے اپنے باپ کے سامنے سارا راز اُگل دیا۔ وڈیرے نے جلدی سے سمّو رانی اور جیبی خرگوش کوکمرے سے نکالا۔ اس دوران وڈیرے کی حویلی میں کسان لاٹھیاں اور ڈنڈے لے کر بہت سارے لوگوں کے ساتھ داخل ہوچُکا تھا۔ وڈیرے نے سب سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگی۔ کسان نے کہا:
”وڈیرے صاحب! آپ دُعاکو اچھی تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت بھی دیں۔اُسے حسد اور غرور کے بجائے محبت ، انکساری اور برداشت سکھائیں ۔
آپ کو اللہ نے دولت اوررتبے سے نوازا ہے اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم آپ کے غلام ہیں۔“
وڈیرہ بہت شرمندہ تھا۔ دُعا نے بھی سمّو رانی اور جیبی خرگوش سے معافی مانگی۔
وڈیرے نے دُعا سے کہاکہ وہ سمّو رانی کو گلے لگائے۔
اسی دوران جیبی خرگوش بولا :
”وڈیرے صاحب اب آپ بھی کسان انکل سے گلے مل لیں ۔ " 
گلے شکوے دور ہوتے ہی وڈیرے نے اچانک واپس جاتے ہوئے کسان اور اس کے ساتھیوں سے کہا:
”ٹھہریں! آپ سب کے لیے میری طرف سے بریانی اور زردے کا ۔۔۔۔۔اور خرگوشوں کے لیے عمدہ گاجروں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔“
یہ سُن کر جیبی خرگوش نے کہا:
”ارے میرے مُنہ میں تو پانی آرہا ہے۔“
اور سب ہنسنے لگے۔۔۔۔۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے