فسانہ : گھائل روح از : صائمہ امتیاز
نومبر کی ایک حسین شام کو ظہیر اپنی دفتری میٹنگ ختم کرنے کے بعد خانیوال شہر کے مشہور ریسٹورینٹ میں اپنے دوستوں کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف تھا کہ وہاں دوسری میز پر بیٹھے کچھ لوگوں کی تکرار نے ان سب کو اپنی طرف متوجہ کر لیا۔
اٹھارہ سالہ نوجوان کو اس کے دوست رنگ سانولے کی بنا پر مذاق کا نشانہ بنا رہے تھے۔
مذاق مذاق میں جب شخصیت کی تذلیل کا عنصر شامل ہو گیا تو معاملہ ہاتھا پائی کی طرف بڑھنے لگا۔
بحث اور بھی بڑھتی پرظہیر نے معاملہ ختم کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔۔۔۔۔تاکہ وہ کسی اور کا قتل نہ ہونے دے۔اسے لڑکے میں اپنا عکس نظر آرہا تھا
اپنی نشست پر واپس آتے ہوئےظہیر اپنے ماضی میں کھو گیا۔
ظہیر یہ کپڑے میں تمہارے لیے لایا ہوں تمہارا رنگ تھوڑا سانولا ہے نہ اپنے باقی بھائیوں سے ، دوسرے شوخ رنگ تم پر جچیں گے نہیں "
دادا جی نے خریدے ہوئے کپڑے ظہیر کو دیتے ہوئے کہا۔
"کیوں دادا جی میرے پر کیوں نہیں جچیں گے اور یہ جچنا کیا ہوتا" ؟
ظہیر نے استفسار سے پوچھا۔۔ اور رٹ لگا دی کہ میں بھی دوسرے بھائیوں جیسے کپڑے ہی پہنوں گا۔۔۔
وہ بھائیوں والے کپڑے ضد سے کمرے میں لے گیا ۔
نئے کپڑوں اور جوتوں کو وہ اپنی چارپائی کے نزدیک رکھ کر سویا کہیں کوئی اور نہ اٹھا لے اس کے کپڑے۔
رات بھر وہ بے چین رہا صبح ہونے کے انتظار میں۔۔
اتوار کا دن تھا نماز ادا کر کے سب ہی دوبارہ سو گئے نہ تو کسی نے دفتر جانا تھا نہ ہی سکول ، پرظہیر نے صبح اٹھتے ہی نئے کپڑے اور جوتے پہن کر سب کو دکھانے کی ٹھان لی تھی ۔ گھنگریالے ،بھورے اورکھردرے بال جس کی اماں جی نے ہفتہ کی شام سرسوں کے تیل سے اچھے سے مالش کی تھی۔گھنگریالے بالوں کی مانگ نہ نکلی تو بس سنوار لیا اس نے خود ہی جیسے تیسے ، مخمور بھوری آنکھوں میں سرمہ پہنے ،ہونٹوں پر عرق گلاب لگائے وہ خود کو کوئی بابو سمجھ رہا تھا اور سب دادا ،دادی تایا،تائی ،چچا ، چچی اور گلی کے بچوں کو اپنے نئے کپڑے دکھانے نکل پڑا۔ کتنے لاڈ سے وہ سب کو اپنے نئے کپڑے دکھا رہا تھا سب مذاق اڑارہے تھے اور ہنس رہے تھے ظہیر کو مذاق اڑانا تو سمجھ نہ آیا وہ گھر آکر بتا رہا تھا کہ امی ،ابو جی سب خوش ہو رہے تھے مجھے دیکھ کر یہ" کالو اور سرسوں کے کھیت میں بھینس " کیا ہوتی ؟ سب ایسے کہہ رہے تھے میرا نام تو ظہیر ہے نہ پھر کسی نے یہ نہیں کہا کہ ظہیر آیا ہے سب کالو کہہ رہے تھے وہ معصومیت سے امی اور ابو سے پوچھ رہا تھا ۔ماں نے آگے بڑھ کے گلے لگا لیا، ماتھا چوما ، بلائیں لیں اور گود میں اپنے لمس سے دنیا کے تلخ روؤیوں کو کم کرتی رہی اور کچھ بول نہ سکی۔
"اماں بتائیں نہ میں نے کچھ پوچھا ہے "
ظہیر نے دوبارہ ماں سے پوچھا ۔ماں اتنا کہہ سکی" جو ہیرا ہوتا ہے نہ جس کی طرح کوئی نہ ہو اسے لوگ ایسے الفاظ سے بلاتے"
ماں ہیرا تو بہت قیمتی ہوتا نہ میں نے ٹیلی ویژن پر خبر سنی تھی ۔
ماں تو پھر وہ مجھے ہیرا بھی تو کہہ سکتے تھے کالو اور بھینس کیوں کہا "؟
ظہیر سوال پر سوال کر رہا تھا الجھی ہوئی گتھیاں تھیں جو نہ ماں سلجھا سکتی تھی نہ ہی وہ اسے سمجھا کے اس کی شخصیت مسخ کرنا چاہتی تھی ۔ بس شفقت سے سینے سے لگائے رکھا اور کہا جب بڑے ہو جاؤ گے تب بتاؤں گی سب ۔۔۔۔۔۔۔۔
وہ بچوں کے ساتھ کھیلنے نکل گیا۔شام کو امی اور ابو آج سب کے ساتھ بیٹھے ظہیر کو موضوع بنائے ہوئے تھے
" کہ مانا ہمارا بچہ باقی دونوں بھائیوں اور دونوں بہنوں سے تھوڑا سانولہ ہے پر اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ اپنے خونی رشتہ دار ہی اسے مختلف ناموں سے پکارو ، سانولے بھی اللہ کی مخلوق ہیں انہیں رنگ کا طعنہ دینا اس کے خالق کی کاریگری میں نقص نکالنا ہے اگر یہ ہی حالات رہے تو ہمیں مجبورآ کسی دوسری جگہ منتقل ہونا پڑے گا ہم اپنے بچے کو نفسیاتی مریض نہیں بننے دیں گے"۔ دونوں نے اپنا موقف خاندان کے سامنے رکھا۔
" اب کالے کو کالا نہیں کہنا تو اور کیا کہنا" ؟ہم تو سچ منہ پر بولتےہیں، منافقت ہمیں نہیں آتی ایک چچی یہ کہہ کر اٹھ گئی۔۔تائی نے بھی بھابی کی تائید کی اور اٹھ گئی۔ تایا اور چچا نے بات کو مذاق سمجھ کر ماحول کو خوشگوار بنانے کی کوشش کی۔۔۔۔
============
ماضی خواب ہوا۔ کھانا کھانے کے دوران ظہیر اور اس کے دوست معاشرے کی اس تلخ حقیقت پر بات کرتے رہے کہ نجانے کتنے ہی لوگوں کے ساتھ روزانہ یہ سب ہوتا ہو گا ۔کتنے ہی نوجوان زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔
یہ سب برداشت کرتے کرتے ۔ایک وقت آتا جب برداشت کی حد ختم ہو جاتی اور بزدل لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے۔
کتنے ہی لوگ دل برداشتہ ہو کر طعنے سن سن کر ، رشتوں سے انکاری رنگ کی وجہ سے ، ہنر کو دبا دینا کالے رنگ کی وجہ سے، خاندان میں آگے نہ بڑھنے دینا کالے رنگ کی وجہ سے ، بولنے کا حق چھین لینا سانولے ہونے کی بنا پر کہ اسے کیا پتہ ہو سکتا یہ تو سانولا ہے ۔۔
گھر اور باہر کی کڑوی باتیں برداشت ہو جاتی ہیں پر رشتے کی انکاری پر اکثر لوگ انتہائی غلط قدم اٹھا لیتے ہیں تلخ روؤیوں کی وجہ سے ۔اس موضوع پر جتنی بات ہو اتنی کم تھی پر رات ہو رہی تھی سب دوست گھر جانے کے لیے باہر نکل آئے۔۔۔۔۔
======
رات کا سناٹا تھا نومبر کی اداس، سہانی ،ٹھنڈی رات ظہیر کو بھلی محسوس ہو رہی تھی ۔
دوستوں سے ملاقات کے بعد وہ اور ہی سحر انگیز شخصیت لگ رہا تھا۔خود کو اپنے لیے بنا سنوار کر رکھنے والا وجیح ،خوبرو ،چھے فٹ کا نوجوان جس کے گھنگریالے بھورے بال اب ملائم اور کالے ہو چکے تھے ، گہری بھوری آنکھوں میں آج بھی ویسی ہی چمک اور کشش تھی جو سالوں پہلے تھی ،لبوں پر وہ ہی شرارتی مسکراہٹ تھی جو دیکھنے والے کو اپنے سحر میں مبتلا کر دیتی تھی پر سانولے رنگ کی وجہ سے سب دب کر رہ جاتا ۔
ہلکی ہلکی داڑھی ، باریک مونچھ ،گندمی رنگ اسے اور ہی پر کشش بنارہے تھے ۔
نیلےتھری پیس میں ملبوس وہ اپنی ہی مستی میں بائک پر تھا کہ اچانک سے کوئی دوشیزہ گلی سے بھاگتے ہوئے سڑک پر آگئی ۔
اس کے موٹرسائیکل کی رفتار کم ہونے کے باوجود اچانک بریک سے وہ بھی سنبھل نہ سکا اور لڑکی بھی سہم کر رہ گئی۔
موٹر سائیکل ایک طرف کھڑے کرنے کے بعد ظہیر تھوڑی سختی سے مخاطب ہوا
" محترمہ سڑک پر چلنا نہیں آتا تو سیکھ لیں یوں منہ اٹھا کہ بنا ارد گرد دیکھے سڑک پر بھاگے نہیں آتے اور کسی محرم کو ساتھ لے کر باہر نہیں نکل سکتی رات کے اس وقت، باہر لوگوں سے لڑنا نہیں آتا تو نکلی ہی کیوں رات کے اس پہر کیا مجبوری اکیلے نکلنے کی ؟ "
وہ کچھ اور بھی کہتا پر بڑی کالی چادر جو بھاگنے سے سر سے سرک چکی تھی میں لپٹی ڈری سہمی لڑکی نے اسے آگے کچھ بولنے نہ دیا ۔
کاجل لگی گہری سیاہ آنکھوں میں سے آنسو متواتر رخسار پربکھر رہے تھے۔
سیاہ ریشمی بال چہرے پر آرہے تھے ۔ہاتھ میں پکڑا دوائیوں کا ڈبہ وہ مضبوطی سے تھامے ہوئے کچھ بتانے کے لیے بولنے ہی والی تھی کہ گلی سے تین بدمعاشوں کو دیکھ کر وہ روتی ہوئی، ڈر کرظہیر کے پیچھے چھپ گئی۔
" پیچھا کر رہے ہیں میڈیکل سٹور سے میرا یہ"
انایہ نے روتے ہوئےظہیرکو بتایا۔
وہ تینوں بدمعاش ظہیرکو دیکھتے ہی الٹے قدم ہوگئے ۔
محترمہ وہ لوگ جا چکے ہیں اب آپ کے کیا ارادے ہیں میرے پیچھے منہ پر ہاتھ رکھ کر، ڈر کے چھپے رہنا یا اپنے گھر جانا "؟
مردانہ گھمبیر آواز میں ہاتھوں کو سینے پر باندھے ظہیر بڑے مؤدبانہ انداز میں انایہ سے پوچھ رہا تھا۔
انایہ جھجکتے ہوئے دو قدم اس سے پیچھے ہٹی اور ڈرتے ہوئے بس اتنا کہہ سکی
"جن عورتوں کے محرم رشتے نہیں ہوتے وہ گھروں سے اس وقت مجبوری یا مصیبت میں نکلتی ہیں نہ کہ شوقیہ ، سڑک پر چلنے کے قوانین بھی نہیں پتہ ہوتے ایسی بےبس عورتوں کو مکمل پردے میں بھی ہوں تو ہوس پرست گھات لگائے بیٹھے ہوتے ہیں، ہمیں یہ نہیں پتہ ہوتا کب اور کس جگہ انسانوں کی شکل میں درندے اور بھیڑیے نمودار ہو جائیں ؟
شکریہ آپ کا آپ نے مجھے ان درندوں سے بچا لیا آپ کا احسان ہے مجھ پر " ۔
نظریں نیچے جھکائے انایہ ڈر سے چادر کو باربار ٹھیک کرتے ہوئے بولی۔ کیوں کہ سامنے بھی ایک مرد ہی کھڑا تھا۔
"معزرت میں نے غصے میں بہت کچھ بول دیا،
اچھا اپنے گھر کا بتائیں میں چھوڑ دیتا ہوں آپ کو ۔"
ظہیر نے مدد کے لیے کہا۔
"ک کیا کہا آپ مجھے چھوڑیں گے گھر ؟ اس موٹرسائیکل پر میں آپ کے ساتھ بیٹھ کر گھر جاؤں گی ؟
نہیں یہ ناممکن ہے۔
مم ۔۔میں آپ کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتی نہ میرا ضمیر اس بات کی اجازت دیتا نہ میرے گھر والوں کا ماحول ،
میرے چچا اور چچی مجھے غیرت کے نام پر قتل کر دیں گے آپ کے ساتھ موٹرسائیکل پر بیٹھے دیکھ کر
" انایہ کپکپاتی آواز سے ظہیر کو بتا رہی تھی۔۔
وہ برے مردوں میں سے نہیں تھا ۔
نہ اس کی تربیت ایسی ہوئی تھی کہ وہ کسی کہ مدد نہ کرے۔
اور لڑکی کی عزت بچانا اس کی تربیت میں شامل تھا۔
پر ظہیر بھی باز آنے والوں میں سے نہیں تھا۔
انایہ کی معصومیت سے محفوظ ہوتے ہوئے وہ اس ڈری سہمی ہوئی لڑکی کو اور ڈرانے کا موقع جانے نہیں دے رہا تھا ۔
شوخ انداز سے وہ انایہ سے مخاطب ہوا کہ
" محترمہ اس وقت یہ موٹرسائیکل ہی ہے میرے پاس اسی پر جانا ہو گا اس سنسان سڑک پر اکیلے نہیں چھوڑ سکتا آپ کو ۔
سنا ہے رات کو اس سڑک پر بھوت بھی چکر لگاتے ہیں اور درندے آپ دیکھ ہی چکیں ہیں ۔نہیں جانا تو پھر جاؤں میں ؟ موٹر سائیکل کو ساتھ ہی سٹارٹ کر لیا " ۔
انایہ کو ظہیر ان تین بدمعاشوں سے مختلف محسوس ہوا تب ہی اس نے التجائیہ نظروں سے دیکھا۔
اور مدد طلب کرتے ہوئے کہا
" کہ میرا گھر قریب ہی ہے بس آپ گھر تک ساتھ چلیں میں ساتھ پیدل چلتی جاؤں گی "
دیر ہورہی تھی اور ظہیر نے ہامی بھر لی ۔۔
راستے میں خاموشی حائل رہی نہ ظہیر کچھ بولا نہ انایہ ۔
تین گلی چھوڑ کر انایہ کا گھر تھا ظہیر گھر سے تھوڑا دور کھڑا ہو گیا جب تک وہ گھر کے دروازے تک نہ پہنچی تب تک وہ وہیں کھڑا دیکھتا رہا۔وہ لڑکی اس کے اعصاب پر حاوی ہو رہی تھی ۔
=========
"ظہیرتم کیوں تصویر بناتے ہو ؟ اتنے کالے بندے کی تصویر کیا خاک آنی کیمرے میں ۔اگر بن بھی گئی تو کیمرہ ہی نہ جل جائے کہیں ۔اچھا تم بعد میں بنا لینا تصویر یہ ہم بہنوں کے درمیان تم نظر بٹو نہ بنو۔ " ظہیر کی خالہ طنزیہ اسے کہہ رہی تھی اور وہ شادی کے موقع پر بڑے ہی ضبط سے آنسو پی رہا تھا۔آنسوؤں کا گولا اس نے مشکل سے حلق میں اتارا تھا۔
اور کیمرہ پکڑے سب کی تصویر بنا رہا تھا ۔کسی کو اندازہ نہیں تھا ان کے الفاظ روح کو گھائل کر چکے ہیں وہ خاموشی سے سب کے الفاظ سنتا رہا ۔۔۔
"امی امی جی یہ دیکھیں میں کلاس میں دوسرے نمبر پرآیا ہوں ۔"
ماں کے گلے میں بانہیں ڈالتے ہوئے وہ پر جوش انداز میں بتا رہا تھا کہ چچی کی آواز پر وہ چپ کر گیا جب انہوں نے کہا کہ
" نقل ہی کی ہو گی "۔
امی نے شاباش دی اور ڈھیروں دعائیں دیں ۔
شام ابو بھی خوش ہوئے کامیابی پر سب کو مٹھائی دی گئی تو ننھیال والوں نے حوصلہ بڑھانے کی بجائے تیر چلانے میں عافیت سمجھی"
پڑھ کر کون سا افسر بن جانا اس نے کالے کو کون نوکری دیتا،
اس کی پڑھائی پر پیسہ لگانے سے اچھا باقی بچوں کو کپڑے وغیرہ لے دیں ۔"
ابو اور امی ہر معاملے میں ظہیر کی رائے لیتے تھے پر باقی سب یہ ہی کہتے تھے کہ اسے کیا پتہ یہ تو کالا ہے۔
دوسروں کی دیکھا دیکھی اپنے بہن بھائی بھی مذاق اڑاتے باقی کزنز کے ساتھ مل کر ۔
کبھی کالو اور کبھی سیاہ رات کہا جاتا۔
ظہیر دونوں بہنوں اور دونوں بھائیوں سے چھوٹا تھا نین نقش سب سے اچھے پر رنگ کے معاملے میں سب سے الگ یہ ہی وجہ تھی کہ وہ سب کے طنز کا نشانہ بنتا رہتا تھا۔
باقی بہن بھائیوں پر کھلتے رنگ کی وجہ سے پھوپھو، چچی ،تائی اور خالہ نے ہاتھ رکھ لیا اپنے بچوں سے رشتے کے لیے پر ظہیر کو نظر انداز کر دیا گیا رنگ کی وجہ سے کہ وہ نظر بٹو بن جائے گا ہمارے لیے ۔۔۔۔۔
اپنے ہی گھر سے اسے تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا ننھیال والے کہتے تھے کہ یہ ددھیال پر گیا ہے اور ددھیال والے کہتے تھے یہ ننھیال پر گیا ہے ۔
سب اکھٹے ہوتے کسی کو کوئی اور موضوع نہ ملتا تو ظہیر سب کے لیے ہنسی کا سبب بن جاتا ۔
پہلے پہل اسے باتوں کی سمجھ نہیں آتی تھی تو وہ بھی ساتھ مل کر ہنستا تھا پر وقت کے ساتھ سمجھ آنے لگی کہ اسے مذاق کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔۔
وہ بھری محفل سے اٹھتا تو سب زبردستی بٹھا کر لفظوں سے زہر اس کی شخصیت میں بھرتے تھے ۔
وہ انتہائی شریر بچہ تھا پر گھر والوں نے اسے چپ کرا دیا کہ یہ تو بولتا کم ہے
رنگ سانولا ہے نہ تب ہی کم بولتا۔
سب مل کر اس کی ذات کے بخیے ادھیڑتے تھے ۔
کبھی اس کی ذہانت اورہنر کا مقابلہ نہیں کروایا جاتا تھا جب بھی دیکھا گیا رنگ ہی دیکھا کہ باقی بھائیوں سے کم گورا وہ۔
کبھی کسی کی بات کا برا نہ
منانے والا ظہیر میٹرک کے بعد مکمل ٹوٹ گیا۔۔
وہ رات کی تاریکی میں امی ابو سے چھپ کر آنسو بہا لیتا تھا۔
اپنی اس محبت کی تڑپ کو آنسوؤں میں بہا دیتا تھا جو اسے اپنے قریبی رشتوں سے چاہیے تھی ۔
وہ بے قرار رہتا کوئی اپنا اسے گلے لگا کہ اس کی محرومیوں کا ازالہ کر دے پر ایسا کبھی نہ ہوا۔
جب لوگ اپنے خونی رشتوں کی محبت کے قصے سناتے تو وہ دل میں ماتم کرتا کہ کاش اسے بھی یہ محبت میسر ہوتی۔
اسے کیا ملا حقارت ،نفرت، احساس کمتری ، دھتکارے جانا، اور نا جانے بہت کچھ۔
کرب کی جب انتہا ہوتی تب وہ راتوں کو روتا تھا،
کہ اس سب میں اس کا کیا قصور تھا اگر سانولا تھا تو بھی اور اگر باقی سب سے ذہین تھا تو بھی ۔۔۔۔۔۔۔
ایک زندہ انسان کی خواہشات کا قتل کیا تھا اپنے ہی خونی رشتوں نے ۔
اٹھارہ سال میں ہی کسی کی شخصیت مسخ کر کے کسی کو زندہ لاش بنانے والے اپنے ہی ہوتے ہیں ۔
اس کے اپنے ہی اس کے جلاد بنے تھے۔
نہ ہنسی مذاق نہ کسی سے دل کی بات ۔ویرانی در آئی تھی شوخ آنکھوں میں ۔اب آنکھیں خواب نہیں بنتی تھیں نہ ہی مسکراتی تھیں ۔
وحشت سی امڈ آئی تھی اس کی زندگی میں نہ آگے بڑھنے کی خواہش نہ کچھ کر جانے کا جذبہ ، محبت سے عاری وجود ناکامی مقدر کے کھیل سمجھ کر قبول کر چکا تھا وہ ،
کوئی بھی انسان اس کے لیے اہم نہیں تھا نہ ہی زندگی کاکوئی مقصد اسے لگتا تھاوہ خود کو بیکار تصورکرتا تھا۔
اورجب خواہشیں، مُردہ ہونے لگیں تو انسان چپ ہوتا ہے،انسانوں سے کٹ جاتا ہے،دل دل نہیں رہتا قبرستان ہو جاتا ہے اور قبرستانوں میں کیا ہوتا ہے گہرا سنّاٹا،خاموشی
اور جانتے ہو خاموشی شکوہ نہیں، خاموشی تو بے بسی ہوتی ہے انسان کو اپنے نا ہونے کا گمان ہونے لگتا ہے...
اب کوئی فرق نہیں پڑتا تھا اسے کوئی بلاتا تو ہاں یا نہ میں جواب کے بعد سناٹا چھا جاتا، شوخی شرارت سب جاتی رہی۔پسند کے کھانے بنانے کی فرمائش نہیں کرتا تھا ،
نہ اپنی پسند کے کپڑے،
نہ جوتے نہ ہی کچھ اور خریدنا ،
نہ خود جا کر ہر کسی سے ملنا ،
نہ موبائل پر کسی سے رابطہ نہ اپنی تصویریں بنانا،نہ شوخیاں نہ شرارتیں ۔
جوانی میں بڑھاپے والی سنجیدگی ٹھہر چکی تھی شخصیت میں۔
لفظوں کے زہر سے لبوں پر خاموشی کا لبادہ تھا یا قفل تھا، آنکھوں میں حیرت اور چپ کی سی وحشت تھی۔
اس کی زندگی ساکن پانی جیسی ہو گئی تھی بس ضروریات پوری ہونے تک محدود ہوگئی تھی۔
تلخ روؤیوں کا زہر اس کی روح میں اتر چکا تھا اور اس کی شخصیت اور روح کا قتل عام ہوا تھا اپنوں کے لفظوں کے تیر سے ۔
جوان روح گھائل ہو چکی تھی ،شخصیت مسخ، الہڑ پن کا گلا دب چکا تھا۔
باپ سے یہ سب برداشت نہ ہوا تو وہ شہر کرائے کے مکان میں جابسے بیوی بچوں سمیت۔
============
دیر سے گھر آنے پر ظہیر کےامی اور ابو دونوں پریشان تھے۔
گھر آتے ہی لاؤنج میں موبائل پکڑے ابا جی کافی غصے میں لگ رہے تھے ۔
"یہ موبائل کس لیےایجاد ہوا تھا ؟
گھر اطلاع کرتے اس سے یا بس انٹرنیٹ استعمال کےلیے ہے ؟ "
ابا جی پریشانی میں دیر سے آنے پر ڈانٹ رہے تھے۔
سلام کے فورا بعد ظہیر نے جلدی سے بتا دیا
"ابا جی موبائل کی بیٹری ختم تھی نہیں تو میں بتا دیتا کہ دیر ہو جانی مجھے۔"
"ظہیر تمہیں پتہ بھی ہے کہ تمہاری ماں دل کی مریضہ ہیں وہ ان باتوں کو بہت محسوس کرتی ہیں ۔ماں ہے نہ وسوسے آجاتے ہیں اولاد کے حوالے سے۔
بندہ موبائل چارج کر لیتا ہے، نہ ہر وقت استعمال کرو،
نہ بیٹری جلدی ختم ہو مجھے دیکھ لو کبھی بند نہیں ہوا میرا موبائل ." ظہیر کے ابو نے اپنا نوکیا کاموبائل اسے دکھاتے ہوئے کہا۔
یاور نے ہنستے ہوئے کہا
" ابو جی آئندہ کم استعمال کروں گا موبائل۔"
امی سے ملنے کے بعد اس نے سارے دن کی باتیں بتائیں اور لڑکی کے پیچھے لگنے والے لڑکوں کا بھی بتا دیا۔
ماں اس دور میں ایسی لڑکی کا سن کر حیران ہو گئی۔
کیوں کہ شہروں تو کیا دیہاتوں میں بھی ایسی لڑکیاں کم ہی ہوتی ہیں جو نا محرم کے ساتھ موٹر سائیکل پر نہ بیٹھیں۔
"ظہیر مجھے اس لڑکی سے ملوا دو کسی نہ کسی طریقے سے۔
" امی جی نے حکمانہ انداز میں کہا ۔
اور ظہیر نے بس تائید میں سر ہلا دیا ۔..
============
جب کسی کا قتل کیا جاتا تب اس شخص کا کچھ نہ کچھ قاتل میں منتقل ہو جاتا ہے۔
آہ ،خوشبو، انداز اور آہ ۔
یہ بدن سسے چمٹ کر دل میں پناہ لیتی ہے اور ساری زندگی قاتل میں بستی ہے۔
گاؤں کے مشترکہ خاندانی نظام جس میں اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں یا محرومیوں کا ازالہ نئی آنے والی نسل کا کوئی ایک فرد دیتا ہے ۔
کرتا کون ہے بھگتتا کون ہے۔زندگی کے تلخ تجربات ان لوگوں کے احساسات چھین لیتے ہیں۔اور جب احساسات مر جائیں تو پھر معاشرہ قبرستان بن جاتا جہاں نوجوان زندہ لاشوں کی طرح بستے۔
ان لوگوں کو اندازہ نہیں ہوتا کہ ان بڑوں کے الفاظ سے بچوں پر کیا اثر پڑ رہا ہے۔
کسی کے ارمان اور شخصیت کا بھی قتل ہی ہوتا ہے اور مظلوم کی آہ ساری زندگی ان قاتلوں میں موجود رہتی ہے پھر وہ پروان چڑھتی ہے کسی میں احساس ندامت کے ساتھ اور کسی میں ڈھٹائی کے ساتھ۔
ظہیر کے ابو اپنے دونوں بھائیوں، والدین اور خاندان کی مخالفت کے باوجود کم آمدنی میں بیٹے کے لیے شہر آبسے
شہر آنے کے بعد ظہیر کے امی ابو ہی تھے۔
جنہوں نے اسے سنبھالا اور اسے وہ خود اعتمادی دی جو دم توڑ چکی تھی ۔
اسے سکھایا گیا کہ اپنی محنت سے آگے نکلو رنگ یا شکل کوئی معنی نہیں رکھتی ۔
ماں باپ کے علاوہ سب رشتے مخلص نہیں ہوتے ۔
کوئی آپ کو تب ہی نظر انداز کرتا جب اسے آپ میں کچھ خاص نظر آتا جو ان میں نہیں ہوتا۔
مکمل اعضاء پر شکر کرنے کی بجائے رنگ کالے کی وجہ سے
اللہ سے منہ موڑنا اور پھر اللہ کسی آزمائش میں ڈالے تو اس سے مایوس ہو جانا ،یہ دونوں صورتیں اللہ سے لاتعلقی کی ہیں۔ منہ موڑنا مایوسی کی طرف جاتا ہے اور مایوسی۔۔ لاتعلقی اور گمراہی کی طرف اور گمراہی کے بعد جو آخری حد ہے وہ کفر ہے اور کوئی نہیں چاہتا تھا کہ ظہیر کفر تک جائے۔
بہت سے اچھے لوگ ملے ظہیر کو جنہوں نے اسے دوبارہ زندگی کی طرف لانے میں اہم کردار ادا کیا۔۔
اسے والدین اور دوستوں نے سمجھایا کہ اللہ اپنے بندوں کو دے کر بھی آزماتا اور لے کر بھی۔
دے کر چھین لے تو ہمارا صبر دیکھا جاتا اور اگر کم دے تو ہمارا شکر ادا کرنا دیکھا جاتا ۔" کیا تم نہیں جانتے حضرت یعقوب کا صبر
"بیٹے کی جدائی یعنی دے کر واپس لے کر آزمائش میں ڈالا گیا اور وہ اپنی آزمائش پر پورے اترے۔"
ظہیر
"تم اپنوں کی باتیں کرتے ہو ان کے رویے کی کیا تم نے حضرت یوسف کا قصہ نہیں پڑھا؟" کیسے اپنے ہی بھائیوں نے ظلم کیا لیکن حضرت یوسف نے اپنا مقصد نہیں بھولا نہ ہی الگ ہو کر رہ گئے۔ اور پھر اپنوں کو معاف بھی کر دیا تھا۔
وہ ان باتوں سے زندگی کی طرف لوٹ رہا تھا۔
اسے وہ سب باتیں یاد آئیں جو وہ پڑھ کر بھول چکا تھا۔۔
" اسلام کے پہلے موذن حضرت بلال کا رتبہ بہت اونچا تھا انہوں نے کبھی رنگ کی پرواہ کی ؟"
یہ رنگ ،نسل کوئی معنی نہیں رکھتے ہمیں اپنے مقصد کو نہیں بھولنا چاہیے جس مقصد کے لیے ہم اس دنیا میں آئے ۔
والدین اساتذہ اور دوستوں نے ظہیر کو اس قابل بنایا کہ آج اس کے بھائی بھی ظہیر کی محنت سے بنے ہوئےاس کے اپنے گھر میں ساتھ رہ رہے تھے۔
ظہیر کا شمار شہر کے مشہور کاروباری افراد میں ہوتا تھا اور آج اس کےبھائی اور کزنز اسی کے دفتر میں ملازم تھے
========
کچھ لوگوں کے توسط سے ظہیر نے انایہ کی معلومات لیں ۔تو پتہ چلا کہ وہ یتیم لڑکی تھی جو اپنے سوتیلے چچا کے پاس رہتی تھی،
اور اس کی بیمار دادی جلد از جلد اپنی زندگی میں انایہ کی شادی کرنا چاہتی تھی پر جہیز نہ ملنے کی وجہ سے کوئی رشتے کے لیے ہامی نہیں بھرتا تھا۔
ظہیر نے رشتے کروانے والوں سے رابطہ کر کے اپنا رشتہ انایہ کی طرف بھیجا ،
اور اسی طرح امی کو ان کے گھر لے جاسکتا تھا ورنہ انایہ کے چچا تو قتل ہی کر دیتے ۔۔
ظہیر نے اپنی امی کو حقیقت سے آگاہ کیا۔رشتے کی بات چلی اور دادی کو اعتماد میں لیتے ہوئے رشتہ ہوا۔
اور کچھ دنوں بعد منگنی کی رسم ادا ہو گئ۔۔۔
ایک دن ظہیر اپنی امی کے ساتھ انایہ کے گھر گیا وہیں باتوں باتوں میں انکشاف ہوا کہ سانولا رنگ مسئلہ نہیں ہوتا یہ تو بیمار معاشرے کی نشانیاں ہوتی ہیں حسد کرنا۔ جو ہم سے جینے کا حق چھینتے۔
جو چیز لوگوں کے پاس نہیں ہوتی وہ دوسروں کے پاس دیکھ کر برداشت نہیں کر سکتے پھر لفظوں سے نشتر چلا کر وہ خود کو بہتر محسوس کرتے ۔
اللہ کی تقسیم پر اعتراض ہوتا ایسے لوگوں کو ۔ ناشکرے پن کی انتہا ہوتی ان میں ۔
انایہ کی زندگی بھی عذاب کی تھی اپنوں نے۔
خوبصورتی انتہا کی تھی ۔لمبا قد ،کالے لمبے بال ،گلابی ہونٹ ،گہری کالی آنکھیں ، رخسار پر واح ضح دو تل جو گورے رنگ میں نمایاں ہوتے تھے۔بچپن سے ماں باپ چل بسے نانی کے پاس رہی وہاں اس نے ہر طرح کے مصائب برداشت کیے۔
انایہ کو تب ماں باپ کے سائے کا پتہ چلا۔
جب اسے منحوس کہا جاتا۔
ممانی کہتی تھی کہ نحوست پھیلے گی میری بچیوں کی زندگی میں بھی۔
شادی شدہ خالہ کہتی تھی کہ انایہ ان کے شوہر کو اپنے جال میں پھانستی ہے،
اور کنواری خالہ کہتی تھی کہ ان کے رشتے میں رکاوٹ انایہ کی وجہ سے ہے ، وہاں سے وہ چچا کے گھر آگئی یہاں چچی کے ظلم انتہا تک رہے پر کبھی سکھ کا سانس نہ لینے دیا۔
یوں اسے اپنی خوبصورتی اور یتیمی کی وجہ سے دربدر کی ٹھوکریں کھانے کو ملی۔
دولت اور خوبصورتی اس کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی ۔
کتنے ہی مرد اس کا ہاتھ نہ تھام سکے کیوں کہ والدین تھے نہیں جو جہیز سےبھرے ٹرک دیتے ۔
ظہیر بس سن رہا تھا انایہ کو کیوں کہ آج تک جس لڑکی نے بھی ظہیر سے رشتہ کرنا چاہا صرف اس کی دولت کی وجہ سے۔
کبھی کوئی گھر اپنے نام کروانے کا کہتی تو کبھی کسی نے کاروبار اپنے نام کروانے کا کہا۔
یہ الگ ہی لڑکی تھی جو بنا کسی فرمائش کے اس کے سنگ چلنے کو تیار تھی ۔
نہ ہی وہ ظہیر کے رنگ پر اعتراض کر رہی تھی اور نہ ہی جائداد اپنے نام کروانا چاہتی تھی۔
امید اور صبر سے وہ سب بھی ملتا جس کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے ۔
دنیا کے تلخ روؤیوں نے دونوں کی زندگیوں میں جو زہر گھولا تھا اس کا اثر ان دونوں کو مل کر ہی ختم کرنا تھا۔
اب وہ دونوں اک نئی زندگی کا آغاز کرنے والے تھے۔
ظہیر نے انایہ سے معنی خیز مسکراہٹ کے ساتھ پوچھا "محترمہ کب تک آئیں ہم سب "
انایہ نے جھینپتے ہوئے راہ فرار لی اور دروازے کے پاس کھڑے ہوکر بس اتنا کہہ سکی
"اتنی بھی کیا جلدی ہے "۔۔۔۔۔
شادی میں محبت تو ثانوی پہلو تھا۔ان دونوں کے درمیان محبت تو نہیں تھی پر شادی کے لیے جو عزت،درگزر،اعتبار اور خیال رکھنا ضروری تھا وہ ان میں تھا ۔

0 تبصرے