تحریر:سعیدیہ سلیم شمسی
پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالر عثمانیہ یونیورسٹی
نئ دنیا کوئی لائے کہاں سے۔۔
ربِّ کریم تجھ سے کرم کا سوال ہے
تیرے سوا کسی کی بھلا کیا مجال ہے
ہر ایک اس وبا سے پریشان حال ہے
اور ہند میں تو سانس بھی لینا محال ہے
سارے جہاں سے جڑ سےمٹادے وبا کو تو!
ہم عاصیوں کا تجھ سے یہی اک سوال ہے
(اسلام عامر اسلام)
سال 2019 ساری دنیا کے لیے ایک نئی افتاد بن کر آیا
کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ سال نو اپنے ساتھ ایک ایسی وبا لیکر آئے گا جو چند دنوں یا ہفتوں یا مہینوں نہیں بلکہ کئی سالوں تک انسانیت پر جود و ستم روا رکھے گا ۔
کوویڈ 19 نام کی اس وبا نے آناً فانا ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور تاحال اسکا جود و ستم جاری ہے ۔
کرونا نے ہر طرف تباہی و بربادی کی ایک انمٹ داستان رقم کی ہے کیا چھوٹا کیا بڑا کیا امیر کیا غریب کوئی شخص بھی اسکے وار سے محفوظ نہ رہا ۔
دنیا کے امیر ترین ممالک بھی یکساں زرد میں آئے اس وبا کا سب سے مہلک پہلو یہ رہا کہ وبا کے پھیلنے کے پورے ایک سال تک اسکی کسی قسم کی کوئی ویکسین میسر نہ آسکی ،
2020 کے اواخر میں ویکیسن تو تو بنا دی گئی مگر تب تک اسکی دوسری اور تیسری لہر نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا
دوسری اور تیسری لہر سے سب سے زیادہ متاثر برطانیہ اور ہندوستان ہوئے برطانیہ چونکہ ایک ترقی یافتہ ملک ہے اور آبادی بھی کم ہے اس لیے اموات کا تناسب قدرے کم رہا جبکہ ہندوستان ایک گنجان آباد ملک ہے جو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اور بدقسمتی سے ہمارا ملک امریکہ برطانیہ کے مقابلے میں بہت پسماندہ بھی ہے اور یہاں دہی آبادی کا تناسب بھی کافی زیادہ ہے جو بہت سے شہری علاقوں کی نسبت اور زیادہ پسماندہ ہیں
ان علاقوں میں سہولیات و آگاہی کا فقدان بھی ہے یہیں وجہ ہے کہ ہندوستان کے طول و عرض میں ایک دم سے اس وبا کا بھونچال آگیا
اور یکا یک حالات ناقابل یقین حد تک کنٹرول سے باہر ہوئے ۔
کرونا سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایک طرف لوگوں کے معمولات زندگی یکسر بدل گئے تو دوسری طرف کاروبار زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گئے اس وقت ملک کے کم آمدنی والے طبقات کے لیے دو طرح کے مسائل کا سامنا ہے ایک طرف وہ کرونائی وبا سے لڑ رہیں تو دوسری طرف اپنے بیوی بچوں کے لیے نان نفقے کے حصول کے لیے پریشان ہیں ۔
یقیناً ایسے ماحول میں معاشرے کے صاحب ثروت اور مخیر حضرات کو پسماندہ گان حال کے حالاتِ زندگی کو بہتری کی طرف لانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیوں کہ اللہ تعالیٰ کسی کو اپنی نعتیں دے کر آزماتا ہے تو کسی کو محروم رکھ کر آزمائش فرماتا ہے ۔ اس لیے ایسے مواقع کو غنیمت جان کر اپنے رب کی نوازشوں کے احسان کا بدلہ بجا لانا چاہیے ۔
کرونا کا سب سے تکلیف دہ پہلو ہمارے ان عزیز و اقارب ، دانشوروں ، علماء، ڈاکٹرز اور اساتذہ کی جدائی ہے جن کا نہ ہی ہم نعم البدل لا سکتے ہیں نہ ہی اب انکا خلا پر کیا جاسکتا ہے ۔ یقیناً موت بے رحم ہوتی ہے مگر وبا موت سے کئی گنا بےحم کیوں کہ موت تو ایک شخص کو لے کر جاتی ہے مگر وبا کئی شخصیات کو ہم سے چھین لیتی ہے اس وبا نے بھی کئی ایسی شخصیات ہم سے چھین لی جن کی جدائی بارے آج بھی سوچ کر یقین نہیں آتا کہ وہ واقعی میں ہم سے جدا ہوئے ہیں عقل دنگ ہے کہ آخر یہ کرونا کیسے چن چن کر ایسی نامور شخصیات کو لے گیا ۔
ایک طویل فہرست ہے جو اس عہد کرونائی میں ہمیں داغ مفارقت دے گئے جن میں ڈاکٹر معظم خاں معظم، (اے. ایم یو) پروفیسر مولا بخش (اے ایم یو شعبہ اردو) ڈاکٹر فرقان سنبھلی علی گڑھ.. پروفیسر محمد ظفر الدین (مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی) ڈاکٹر سید حیدر رضا حیدر ڈائریکٹر غالب انسٹی ٹیوٹ دہلی معروف شاعر راحت اندوری صاحب، محترم شوکت حیات صاحب ، مشرف عالم ذوقی صاحب محترم انجم عثمانی صاحب محترمہ تبسم فاطمہ ، پروفیسر مولابخش ، نصرت علی صاحب معروف عالم دین مولانا وحید الدین خان صاحب الغرض ایک طویل فہرست ہے دعا ہے اب مزید فہرست کوئی اضافہ نہ ہو ۔
یقیناً ہر وبا اللہ تعالیٰ کے عذاب کی ہی ایک جھلک ہوتی ہے دعا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں ہمارے جن گناہوں کی وجہ سے ہم پر یہ عذاب مسلط ہوا ہے ہر اس گناہ سے توبہ کی توفیق اور آئندہ ان گناہوں سے محفوظ فرمائے اور تمام بنی نوع اِنسانیت کو اس افتاد سے جلد از جلد چھٹکارا عطاء فرمائے اور کار ہائے زندگی کو ایک بار پھر اس سرعت و رفتار سے رواں دواں فرمائے جس رفتار سے اس وبا سے پہلے زندگی میں حرکت دوراں تھی۔
آمین ثمہ آمین

0 تبصرے