تاریک رات
ازقلم فاطمہ بخاری
قبرستان کی ہولناکی میں آدھی رات کی سیاہی مزید اضافہ کر رہی تھی , چاند بھی آج کالی سیاہی میں ڈوبا ہوا تھا کالی تاریک رات ہر لمحے کو خوف ناک بنا رہی تھی- کہیں دور کوئی جھینگر کا بین کسی مسیحا کے انتظار میں آج ہونے والی شیطانی عمل کو روکنے کی فریاد کرتا, دل کی دھڑکنوں کو اتھل پتھل کر رہا تھا ایسے میں سماعت سے ٹکراتی منتر کی آوازیں ماحول کو مزید وحشت میں مبتلا کر رہی تھی
قبرستان کے عین درمیان چھوٹا سا گڑھا کھودے بہروز کی ساری توجہ اسی پر مرکوز تھی اس کی حالت شدید قابل رحم معلوم ہوتی تھی وہ آج سفاکی کی ساری حدیں پار کرنے کے درپے تھا
گلے میں بڑے رنگین موتیوں کے درمیان ادھ کھلے منہ والی کھوپڑی کی بنی مالا پہنے, جسم پر کپڑوں کے نام پر صرف ایک چادر لپیٹ رکھی تھی جو جسم کو ڈھانپنے کی ناکام کوشش کر رہی تھی آس پاس رکھے سامان سے آتی چندن اور کافور کی مہک نے خاموش ماحول کے سینے کو گند سے بھر دیا تھا, گڑھے کے گرد مختلف بے ترتیب تھال میں صندور, انسانی ہڈیوں کی راکھ, پر کٹے الو اور ایک سیاہ بلی جس کی آنکھیں نکال دی گئیں تھیں
قبرستان کا یہ ہولناک منظر کسی انجان کی روح پرواز کردینے کےلیے کافی تھا مگر بہروز اس شیطانی عملیات کا ماہر تھا اس نے ہندوؤں کی طرح ہاتھ جوڑ کر منتروں کے جاپ کو تیز رفتار سے ادا کرنا شروع کیا اور ساتھ ہاتھ چلاتے ہوئے اپنے سامنے بنے چوکور خانے میں آگ جلا دی اس رات کےلیے اس نے برسوں شیطان کی پونجا کی تھی وہ ایک خاص طاقت کا خواہش مند تھا جس سے اپنے غلیظ مقصد کو پورا کرنا چاہتا تھا اس مقصد کے لیے اسے ایک نومولود بچے کی ضرورت تھی جس کو آج آگ شیطان کےلیے پیش کرنا تھا
****...........******...........****
عمارہ کا نواں مہینہ چل رہا تھا اچانک عیشاء کے بعد اسے درد شروع ہوگیا- وہ جان کنی کے حالت سے گزر رہی تھی اور درد کی شدت سے بے ہوش ہوگئی جبران اس کی غیر ہوتی حالت سے پریشان ہو اٹھا تھا شہر میں وبا کے باعث وہ اسے ایک پرانے اسپتال میں لے آیا عمارہ کو جب ہوش آیا تو اسکی ترستی ممتا کو ایک بیٹی کی خوشخبری دی گئی بچی بہت زیادہ کمزور تھی اس لیے اسے رات وینٹی لیٹر میں چلڈرن وارڈ میں رکھ دیا گیا گیارہ , ساڑھے گیارہ کے قریب جبران اپنی بیٹی کو دیکھنے کی غرض سے وہاں گیا تو بچی وہاں موجود نہیں تھی تو اس نے فوراً اسپتال کے عملے سے دریافت کیا سب بچی کو ڈھونڈنے میں لگے تھے اس اسپتال سے بچی کا غائب ہو جانا کوئی نہیں بات نہیں تھی گزشتہ کئی مہینوں سے نومولود بچے غائب ہو رہے تھے پولیس بھی اس معاملے میں کچھ نہ کر سکی تھی کیونکہ غائب شدہ بچوں میں سے کسی کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا….
بہروز اب تک کئی نومولود بچوں کی قربانی دے چکا تھا آج یہ آخری قربانی تھی اور وہ اپنے مقصد کو پا لیتا
عمارہ کی بیٹی ( شامی جو اسے اسپتال سے چرا لایا تھا) کو لا کر سامنے رکھ دیا اور بہروز کے اشارے پر وہاں سے چلا گیا کیونکہ بہروز کو یہ سارا عمل اکیلے کرنا تھا ذرا سی چوک اس کی جان لے کر ساری بازی پلٹ سکتی تھی
منتروں کی تکرار میں اس نے بچی کو اٹھا کر گود میں رکھا جس پر وہ رونے لگی
ننھی جان تھی جسے ابھی تک ماں کا لمس تک نصیب نہیں ہوا تھا یوں آگ کے قریب آنے سے چیخ رہی تھی مگر اس درندہ نما انسان نے سب سے پہلے اس کے گرد لپٹے کپڑے الگ کیے اور انھیں آگ کے سپرد کر دیا اور پھر اپنے جسم پر موجود واحد چادر کو بھی نکال کر آگ میں ڈال دیا رات کے اس پہر وہ اکثر یونہی اپنے عمل کو انجام دیتا تھا وہ مسلسل منتر پڑھتا جا رہا تھا اب اس نے ایک ایک کر کے الو بچی کے گرد رکھنے شروع کیے اندھی بلی کو وہ پہلے ہی اپنے شیطانی عمل سے اپنے قابو میں کر چکا تھا جو اب بچی کے گرد چکر کاٹ رہی تھی
دوسری طرف عمارہ کی جب آنکھ کھلی تو اس نے اپنی بچی سے ملنے کی خواہش ظاہر کی اور جبران اپنی بیٹی کو ہی ہر جگہ تلاش کر رہا تھا , اور اسپتال کے اسٹریچر پر پڑا وجود اپنی کوکھ سے جنم دیے ہوئے بچے کے لئے ترس رہا تھا
آنکھیں آنسوؤں سے لبریز تھیں ..... دل خون کے آنسو رو رہا تھا.
عمارہ کی تو جیسے جان پر بن آئی تھی وہ قابو سے باہر ہو رہی تھی اسے سکون میں لانے کےلیے نیند کا انجیکشن لگانا پڑا...
جبران اب اسپتال سے نکل کر ادھر ادھر دیکھتا بھاگ رہا تھا کہ شاید اسے اپنی بچی مل جائے وہ بد حواسی میں بھاگتا ہوا کسی شخص سے بری طرح ٹکرایا
"کیا ہوا بیٹے اس طرح کیوں بھاگ رہے ہو؟“
اندھیرے کے باعث وہ اس بزرگ کو دیکھ نہ پایا اور ٹکرا گیا اس کی پریشانی بڑھتی ہی جارہی تھی
"وہ… م م…..میری بچی پتہ نہیں کہاں گئی, کون لے گیا سارا اسپتال چھان مارا پر وہ کہیں نہیں ملی.."
"ساتھ موجود قبرستان میں دیکھا تم نے ؟"
ٹکرانے والے بزرگ نے چہرے پر فکر مندی ظاہر کرتے ہوئے جبران سے پوچھا
"قبرستان!!!"
"ہاں قبرستان, آج چاند نہیں نکلے گا, ان کالی راتوں میں شیطان کے پجاری نومولود پر اپنے شیطانی عملیات کرتے ہیں , ان اسپتال والوں کو لوگ کتنی دفعہ کہہ چکے ہیں یہاں سے کہیں دوسری جگہ منتقل ہو جائیں پر یہ سنتے نہیں... “
یہ سن کر تو جبران کے رہے سہے اوسان بھی خطا ہوگئے وہ قبرستان کی طرف بڑھنے لگا جب بزرگ نے اسے روک لیا..
"رکو بیٹا! میں بھی ساتھ چلتا ہوں “
بزرگ کی پیروی میں ایک دو لوگ اور بھی تھے انھیں قبرستان کی طرف بڑھتا دیکھ ان کے ہم قدم ہو لیے وہ سب الگ الگ جگہ تلاش کر رہے تھے اور ڈھونڈتے ہوئے عین درمیان پہنچ گئے اور وہاں کا منظر سب کے ہوش اڑا رہا تھا جھینگروں کی آواز ماحول کی وحشت بڑھا رہی تھی جب بزرگ نے کہا
"ہمیں اسے روکنا ہوگا اگر یہ کامیاب ہوگیا تو دنیا کو تباہ کر دے گا“
بزرگ نے اپنے ایک ساتھی سے زم زم مانگا اور اس پر کوئی کلام الہیٰ پڑھتے ہوئے وہیں بہروز سے کچھ فاصلے پر ساتھیوں سمیت بیٹھ گئے وہ نیچ اپنی کالی عملیات میں ایسے ڈوبا تھا کہ آس پاس کی خبر تک نہ تھی وی اپنے ورد کو مکمل کرتے اٹھ کھڑے ہوئے اور زم زم کو ہاتھ میں لے کر بہروز پر پھینکنے لگے اس افتاد سے انجان بہروز اپنے منتروں میں مگن تھا مگر پانی گرتے ہی اس کے منتر پڑھنے کی رفتار میں کمی آنے لگی اس نے آس پاس انھیں دیکھ لیا مگر وہ یہ سب ان روک نہیں سکتا تھا کیونکہ اس مقام پر جب شیطان راضی ہونے والا تھا منتر روکنا اپنی موت کو دعوت دینا تھا بہروز نے ایک انسانی خون کا پیالہ اٹھا کر منہ سے لگایا اور غٹا غٹ پی گیا جبران کو یہ منظر دیکھ کر قے آنے لگی مگر وہ اپنی بیٹی کےلیے وہاں جم کر کھڑا رہا, خون پیتے ہی جیسے بہروز میں انجانی طاقت آگئی اس نے منتروں کی رفتار بڑھا دی, اور راکھ پر پھونک مار کر چکر کاٹتی بلی پر پھینکی جو دیکھتے ہی دیکھتے مسلسل قد میں بڑھتی ہوئی ایک خوفناک بلی نما دیو بن گئی تھی آنکھوں کی جگہ شعلے دہک رہے تھے بلی نے اچانک ایک ساتھی پر حملہ کر دیا جو اس کے لیے تیار نہ تھا بلی کے پنچے میں آگیا اور بلی نے جھٹ سے ایک وار میں اس کی گردن تن سے جدا کر دی وہاں موجود سب پر خوف طاری ہوگیا وہ جان کی بازی لگا چکے تھے مگر اب بہروز سے جیتنا مشکل لگ رہا تھا بلی نے جیسے ہی دوسرے ساتھی پر وار کرنا چاہا انھوں نے بروقت کلام کے حصار سے اپنا بچاؤ کیا اور بلی پر دم والا پانی پھینکنے لگے وہ جب بھی پانی پھینکتے بلی بہت خوفناک آواز نکالتی- پُرہول اور لرزہ خیز آواز جس سے روح تک کانپ رہی تھی , آواز تھی کہ جیسے کوئی مریض جان بلب کراہ رہا ہو, یا کوئی جاندار دم توڑ رہا ہو ,پر شاید موت کی آخری کھڑکھڑاہٹ بھی اتنی خوفناک نا ہوتی ہوگی جیسی وہ آواز تھی
بلی اب بہروز کو حصار دیے ہوئے تھی تاکہ بزرگ اس تک نہ پہنچ سکیں لیکن بزرگ نے اپنا آخری حربہ استعمال کرتے ہوئے سورہ کہف کے لفظ "کہف" کا ورد شروع کیا وہاں موجود ساتھی اور جبران بزرگ کو آیات کا حصار دے رہے تھے کیونکہ یہ عمل سانس روک کر کرنا تھا اور بہت وقت لگنا تھا کہف کے ورد سے بلی نما دیو ایک چلانے لگا اور ایک دردناک آواز میں دھمکی دینے لگا
"اپنی خیر چاہتے ہو تو روک دو یہ عمل ورنہ میں سب کو کھا جاؤں گا "
بزرگ مسلسل ورد کر رہے تھے اور ساتھی کو اشارے سے زم زم کو دیو اور بہروز پر ڈالنے کو کہا
ساتھی نے جیسے پانی بلی اور بہروز پر ڈالا تو دونوں ایک لمحے کےلیے آگ کی لپٹ میں آگئے منتر کا جاپ ٹوٹ گیا تو بہروز کسی بپھرے شیر کی طرح دھاڑا, اس کی دھاڑ سے قبروں میں سوئے مردے بھی کانپ گئے چہرہ زم زم پڑنے سے جھلس کر دہشت پیدا کرنے لگا..
"تم لوگوں نے میری برسوں کی محنت ضائع کر دی میں تمہیں نہیں چھوڑوں گا"
دھمکی دیتے بہروز نے انسانی خون کا ایک اور پیالہ اٹھایا اور پینے کے ساتھ کچھ اپنے جسم پر مل لیا کمزور جسم اب بلوان نظر آرہا تھا اس نے مٹھی میں راکھ لے کر منتر پڑھا اور بلی کی طرف پھونک دیا بلی نے جھٹ سے پانی پھنکتے ساتھی کو دبوچا اور ہوا میں اچھال دیا یہ منظر دیکھ کر اس بار جبران بے اختیار چیخ اٹھا وہ ززمین پر گری زم زم کی بوتل اٹھا کر پانی پھینکنا چاہتا تھا تاکہ وہ ساتھی کو بچا سکے مگر اس سے پہلے ہی بلی نے اپنے دانت اس کے جسم میں پوست کر دیے خون جھرنے کی صورت بہنے لگا اور بہروز حلال خون کے نیچے کھڑے ہو کر غسل لینے لگا جبران کی ہمت ٹوٹ رہی تھی لیکن اپنی بیٹی اور عمارہ کا سوچ کر وہ پیچھے نہیں ہٹ رہا تھا
اتنے میں بزرگ بھی اپنا ورد مکمل کرکے کھڑے ہوگئے تھے ان کے دونوں ساتھی اس کالی رات میں شیطان کی بھینٹ چڑھ چکے تھے
بزرگ اب بھی سانس روکے کہف , کہف پڑھ رہے تھے جب اچانک سفید بادل قبرستان کو گھیرنے لگے بزرگ جب بھی سانس لینے کے لیے رکتے اپنے دائیں ہاتھ کی ایک انگلی بند کر لیتے جلد ہی پوری مٹھی بند ہوگئی
بہروز کو یکدم ایک جھٹکا لگا جیسے کسی شے نے اس کی گردن دبوچ لی ہے بزرگ نے بند مٹھی پر دباؤ بڑھایا تو بلی حملہ کرنے آگے بڑھی مگر کسی انجان طاقت نے اسے بھسم کر دیا بلی نما دیو جل رہا تھا اس سے میں پہلی بار جبران کو لگا اب وہ اپنی بیٹی کو بچا سکتا ہے بزرگ نے جبران کو ان کے تھیلے سے ایک بوتل نکالنے کو کہا جیسے ہی وہ اس نے بوتل کھولی بلی نما دیو ایک دھماکے کے ساتھ پھٹ کر دھوئیں کی شکل میں چکر لگاتا ہوا بوتل میں چلا گیا تو جبران نے بوتل بند کر دی اب بہروز باقی تھا جس کی نس نس میں شیطانیت تھی جو اپنی بہت بڑی طاقت کو یوں بوتل میں بند ہوتا دیکھ کر پھڑپھڑانے لگا جس پر بزرگ نے ایک کاغذ آگے بڑھ کر اس کے ماتھے پر چسپاں کر دیا
وہ ابھی بھی ہار نہیں مان رہا تھا
بزرگ نےسورہ کہف کی تلاوت شروع کی بہروز کا جسم پگھلنے لگا اور جسم کے مساموں سے خون رسنے لگا دیکھتے ہی دیکھتے
ایک دھماکہ ہوا بہروز کے جسم کے ٹکڑے قبرستان میں دفن ہونے لگے اور ایک دھواں بچی کے گرد چکر کاٹتا غائب ہوگیا...
بچی جو مسلسل رو رہی تھی سب ٹھیک ہوتے ہی جبران نے بھاگ کر بچی کو اٹھا کر اپنے کوٹ میں لپیٹ کر سینے سے لگایا اور بزرگ نے آگے بڑھ کر زم زم اس پر چھڑک دیا تاکہ کوئی شیطانی سایہ اسے دوبارہ تنگ نہ کر سکے... اور ساتھ ہی ایک تعویذ بچی کے کندھے پر باندھتے ہوئے جبران کو اسے کبھی نہ نکالنے کی تاکیدکی-
اس رات جبران اور عمارہ کی بچی کے نصیب سے ایک شیطان جہنم واصل ہوا تھا ۔ جبران نے گھر جا کر نوافل ادا کیے کہ اس کی بیٹی کی جان بچ گئی- عمارہ پوچھتی رہی کہ بچی کہاں تھی لیکن بزرگ کی ہدایت کے مطابق اس نے سب اپنے تک رکھا...
آج بھی جبران وہ رات یاد کرتا ہے تو اس کے رونگھٹے کھڑے ہو جاتے ہیں اگر وہ ایک لمحہ بھی دیر کر دیتا تو بہروز اسکی بیٹی کو آگ میں ڈال چکا ہوتا ,بے شک اللہ بے حد رحیم و کریم ہے جیسے چاہے زندگی بخشے, ہم ہی اس کے ناشکرے بندے ہیں- جبران اللہ کا شکر ادا کرتا نہیں تھکتا تھا ۔۔
ختم شد۔

3 تبصرے
❤❤❤
جواب دیںحذف کریں💜
حذف کریں💜
حذف کریں