Ticker

3/recent/ticker-posts

H1

خالی بنگلہ | صائمہ ہمایوں

عنوان....... خالی بنگلہ

مصنفہ.... صائمہ ہمایوں


"اگر اس بنگلے میں واقعی سایہ ہوا تو" کیمرہ مین شہزاد اپنا کیمرہ بیگ میں رکھتے ہوئے بولا.
"جن جگہوں پر پہلے ہم نے اپنا شو شوٹ کیا ہے، کیا وہاں سایہ تھا؟ چلو جلدی کرو " شہباز بھی اپنی چیزیں سمیٹ کر باہر نکلتے ہوئے بولا.
"سایہ" کے نام سے حقیقت پر مبنی ٹی وی شو کرنے والے یہ چار نوجوان تھوڑی دیر بعد ہی اپنی منزل کے سامنے کھڑے تھے. یہ ایک بنگلہ تھا جو عرصہ دراز سے خالی پڑا تھا. اس کے بارے میں کافی باتیں مشہور تھی کہ جب سے اس میں تین قتل ہوئے تھے جس میں میاں بیوی اور ایک سال کا بچہ شامل تھا تب سے اس میں سایہ تھا جو کسی کو بھی یہاں ٹھہرنے نہیں دیتا تھا. شہزاد کو اپنے کسی جاننے والے سے اسکا پتہ چلا تھا. مالک مکان کے منع کرنے کے باوجود وہ اس بنگلہ میں اپنا شو کرنے پر بضد تھے. آخر کار پیسوں کے لالچ میں مالک مکان نے بنگلہ کی چابیاں انکے حوالے کر دی. شہباز ایسی چیزوں پر یقین نہیں رکھتا تھا لیکن اپنے شو کو کامیاب بنانے کے لیے کئی من گھڑت کہانیاں عکس بند کر کے ناظرین کو بے وقوف بنا رہا تھا.
مین گیٹ کھول کر وہ لوگ بنگلے کے اندر داخل ہوئے، لان میں گھاس اور جنگلی پودے بے تحاشہ بڑھے ہوئے تھے. مغرب کا ٹائم گزرے آدھا گھنٹہ گزر چکا تھا. رات کا سایہ پھیل کر بنگلے کو اور ہبیت ناک بنا رہا تھا
"شہباز یار! واپس چلتے ہیں مجھے تو ابھی سے ڈر لگنا شروع ہو گیا ہے" شہزاد نے ڈرتے ہوئے شہباز سے کہا.
"تم تو سدا کے ڈرپوک ہو شہزاد! کالی بلی دیکھ کر بھی ڈر جاتے ہو" عدیل شہزاد کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے بولا.
"چلو یہ باتیں اندر جا کر لینا" شہباز نے مین ڈور کو کھولا اور چاروں اندر داخل ہو گئے اور آخر میں سلیمان کے داخل ہوتے ہی مین ڈور زور دار آواز سے خودبخود بند ہو گیا. چاروں چونک کر واپس پلٹے. شہزاد نے دروازہ کھولنے کی کافی کوشش کی مگر دروازہ نہیں کھولا
"یہ دروازہ کیسے بند ہو گیا؟" شہزاد ڈرتے ہوئے بولا.
"شاید ہوا کی وجہ سے، چلو پہلے شوٹنگ کر لیں پھر واپسی پر دیکھیں گے" شہباز معاملہ رفع دفع کرتے ہوئے بولا.
شہزاد نے کمیرہ سیٹ کیا، عدیل اور سلیمان نے لائٹ سیٹ کیں اور شہباز مائک لے کر شو کی اناوئسمٹ کا آغاز کیا
" السلام علیکم ناظرین! آج ہم آپ کے سامنے......... یہ الفاظ ابھی شہباز کے منہ ہی میں تھے کہ ایک سایہ سائیں کی آواز کے ساتھ اس کے پیچھے سے گزرا. شہزاد کے ہاتھ سے کیمرہ گرتے گرتے بچا. شہباز نے بھی یک دم پلٹ کر دیکھا مگر وہاں کچھ نہیں تھا.
" میں تم لوگوں سے کہہ رہا ہوں نہ واپس چلو یہاں ضرور کچھ ہے" شہزاد حسب معمول ڈرتے ہوئے بولا.اب تو عدیل اور سلیمان نے بھی اس کی ہاں میں ہاں ملائی مگر شہباز کہاں ہار ماننے والا تھا. اس نے شہزاد کو دوبارہ شوئٹنگ سٹارٹ کرنے کے لیے کہا.
اب پھر جیسے ہی شہباز نے اناؤنسمنٹ سٹارٹ کی تو اس دفعہ سایہ شہزاد کے پیچھے سے زن کی زور دار آواز سے گزرا جس کے نتیجے میں شہزاد پلٹ کر مڑا اور جلدی سے پیچھے ہٹتے ہوئے عدیل کو نیچے لیتا ہوا دھڑام سے نیچے گرا. عدیل کے ہاتھ میں جو لائٹ تھی وہ بھی اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر دور جا گری.
"بس اب بہت ہو گیا، میں ایک منٹ اور نہیں یہاں رکنے والا" شہزاد آٹھ کر اپنے کپڑوں کو جھاڑتے ہوئے بولا اور زمین سے کمیرہ اٹھا کر دروازے کی طرف بڑھا.
"رکو ہم بھی آتے ہیں" عدیل اور سلیمان بھی اس کے پیچھے چل پڑے. چار نا چار شہباز کو بھی انکی بات ماننی پڑی. وہ لائٹ کو زمین سے اٹھانے لگا تو وہ خود ہی آگے سرک گئی، وہ پھر آگے بڑھ کر اٹھانے لگا تو وہ خودبخود اور آگے سرک گئی.
ادھر شہزاد، عدیل اور سلیمان دروازے کھولنے کی کوشش میں لگے ہوئے تھے مگر وہ کھل نہیں رہا تھا.
شہباز دوبارہ ہمت کر کے لائٹ اٹھانے لگا مگر اس دفعہ لائٹ خودبخود اوپر کی جانب آٹھ کر ہوا میں لہرانے لگی. اب تو شہباز کے اوسان بھی خطا ہو گئے وہ بھاگ کر اپنے دوستوں کے پاس جا پہنچا.
"کیا ہوا؟"عدیل شہباز کو ڈرے ہوئے دیکھ کر بولا. اس نے لائٹ کی طرف اشارہ کیا جو ہوا میں لہرا رہی تھی.
"شہزاد، سلیمان! دیکھو لائٹ کو کیا ہوا" شہزاد اور سلیمان جو دروازہ کھولنے کی سر توڑ کوشش کر رہے تھے. عدیل کی آواز پر پیچھے مڑ کر لائٹ کو دیکھنے لگے جو اب پورے ہال کمرے میں گول گول گھومنے لگی تھی. چاروں کی تو سٹی گم ہو گئی. اس کے ساتھ ہی خوفناک قہقہوں کی آوازیں آنے لگی. شہزاد تو یہ سب دیکھ کر بے ہوش ہونے کے قریب تھا.
"خوش آمدید! خوش آمدید! آج تو ہمارے گھر مہمان آئیں ہیں. ہا ہا ہا ہا
اس کے ساتھ ہی اور بھی خوفناک قسم کی آوازیں آنے لگی
ان چاروں کو تو جیسے سکتہ ہو گیا ہو آواز ان کے حلق میں اٹک گئی تھی یہ سب منظر دیکھ کر............قدم زمین پر جم گئے تھے.
"آج سالگرہ پر ان کے کوفتے بنا کر کھائیں گے، ہا ہا ہا ہا" انکے پیچھے سے زنانہ آواز آئی.
"کوکوکوفتے ہمارے" شہزاد کے منہ سے صرف اتنا ہی نکل سکا. پورے ہال میں خوفناک آوازیں اور قہقہے گونج رہے تھے مگر نظر کوئی نہیں آ رہا تھا.
"نہیں نہیں گوپالی! یہ تو ہمارے منے کی پہلی سالگرہ کے مہمان ہیں. آج ہم سب مل کر منے کی سالگرہ منائے گئے، ہا ہا ہا ہا
یک دم سامنے والے صوفے سے سفید کپڑا خودبخود ہٹ گیا.
" سواگت ہے آپ لوگوں کا، صوفے پر تشریف رکھیں تاکہ تقریب کا آغاز کیا جائے.
وہ چاروں جلدی سے صوفے پر بیٹھ گئے کہ کہیں واقعی انکے کوفتے ہی نہ بن جائیں.
ہوا میں اڑتی انکی لائٹ سامنے میز پر آ کر رک کر بند ہو گئی. یک دم ہال میں موجود ساری موم بتیاں خودبخود روشن ہو گئیں.
وہ چاروں دم سادھے یہ سب دیکھ رہے تھے. اچانک کہیں سے "ہپی برتھ ڈے" کا میوزک سنائی دینے لگا.
اسکے علاوہ خوفناک آوازیں مسلسل جاری تھیں. اوپر کمرے کا دروازہ کھولا اور دو بڑے اور ایک چھوٹا سایہ نمودار ہوئے. جو ایک مرد، ایک عورت اور تیسرا سایہ ایک سال کے بچے کا تھا. عورت کے سایہ کے ہاتھ میں بہت ہی خوبصورت کیک تھا. وہ آہستہ آہستہ سڑھیاں اتر کر نیچے آ رہے تھے. وہ دم سادھے ان کو دیکھ رہے تھے. وہ تینوں سائے انکے سامنے والے صوفے پر آ کر بیٹھ گئے.
اس عورت کے سائے نے کیک سامنے والے میز پر رکھ دیا. پھر انھوں نے اپنے بچے کے سائے کے ہاتھ میں چھری پکڑائی اور پھونک مار کر کیک پر لگی موم بتیاں بجھا کر کیک کاٹا. کیک کاٹنے کے بعد وہ دونوں سائے زور زور سے تالیاں بجانے لگے.
"تم لوگ بھی تالیاں بجاؤ اور میرے بیٹے کو سالگرہ مبارک کہو، ایسے کیا چپ چاپ تکے جا رہے ہو" وہ باپ نما سایہ ان چاروں سے بولا.
"ہپی برتھ ڈے ٹو لو، ہپی برتھ ڈے ٹو یو" وہ چاروں حکم ملتے ہی میکانکی اندار میں تالیاں بجانے لگے اور ہپی برتھ ڈے کہنے لگے.
اس کے بعد اس باپ نما سایے نے کیک کاٹ کر پہلے اپنے بیٹے اور پھر اپنی بیوی کو کھلایا. ان چاروں کی جان نکلی ہوئی تھی اب یہی ڈر تھا کہ کہیں کیک کھانے کو نہ کہا جائے مگر وہی ہوا جسکا ڈر تھا. کیک کے چار پیس اڑتے ہوئے آئے اور انکے سامنے لہرانے لگے.
"چلو کھاؤ کیک" وہ سایہ اپنی گرج دار آواز میں بولا
وہ چاروں ایک دوسرے کا منہ تکنے لگے.
"کھاؤ" آواز اتنی تیز تھی کہ انہیں اپنے کانوں کے پردے پھٹتے ہوئے محسوس ہوئے.
وہ جلدی سے کیک کھانے لگے. کیک بہت مزےدار تھا ایسا کیک انہوں نے پہلے کبھی زندگی میں نہیں کھایا تھا.
کیک کھاتے ہی وہ ایک ایک کر کے بے ہوش ہو کر ایک دوسرے پر گر گئے.
صبح جب انھیں ہوش آیا تو وہ بنگلے کے لان میں لیٹے ہوئے تھے.
"رات کیا ہوا تھا ہمارے ساتھ؟" شہزاد اپنا چکراتے سر پر ہاتھ رکھے ہوئے بولا.
"جو بھی ہوا بہت عجیب و غریب ہوا ہے، شکر کرو جان بچ گئی اب نکلو یہاں سے" عدیل جلدی سے زمین سے اٹھتے ہوئے بولا.
"میرا کمرہ؟ شہزاد بیٹھے بیٹھے ہی اپنا کمیرہ ادھر ادھر تلاش کرتے ہوئے بولا.
" دیکھو اسے ابھی بھی اپنے کمیرے کی پڑی، یہاں ہمیں اپنی جانوں کے لالے پڑے ہوئے ہیں"سلیمان بھی اپنی جگہ سے آٹھ کھڑا ہوا.
وہ چاروں جلدی سے بنگلے کے گیٹ سے باہر آ گئے. انکی گاڑی باہر کھڑی تھے. شہباز نے اپنی جیب ٹٹولی صد شکر کہ گاڑی کی چابی جیب میں موجود تھی. وہ لوگ جلدی سے گاڑی میں بیٹھے اور بنگلے کے گیٹ کو کھلا ہی چھوڑ کر وہاں سے رفو چکر ہو گئے.
واپسی پر شہباز پر دل میں پکا تہہ کر لیا تھا کہ آئندہ وہ ایسے شو بالکل نہیں کرے گا. عوام کو جھوٹ دکھاتے دکھاتے انہیں جس سچ کا سامنا ہوا تھا،تاحیات بھولنے والا نہیں تھا.




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے