Ticker

3/recent/ticker-posts

H1

آسیب تھا یا | صائمہ ہمایوں

☠️آسیب تھا یا؟ ☠️

مصنفہ..... صائمہ ہمایوں 

"سوہنی مر گئ " شاکرہ گیٹ سے اندر داخل ہوتے ہوئے بے ہنگم انداز میں چلائی. میں باورچی خانے میں جہاں کھڑی تھی وہی ساکت ہو گئی. لاکھ امی جان کے سمجھانے کے کہ باوجود "شاکرہ سکون سے آ کر بات کیا کرو" وہ باز نہیں آتی تھی. اب جو خبر اس نے سنائی تھی، میرا دل دہل گیا تھا. سوہنی ہمارے گاؤں ہی میں رہتی تھی. اپنے نام کی طرح رج کے سوہنی تھی. پر نجانے اسے کس کی نظر کھا گئی تھی، کچھ عرصے سے اسے دورے پڑنے شروع ہو گئے تھے، وہ اپنے حواسوں میں نہ رہتی، اچانک چیخنے چلانے لگتی، اپنے بال نوچ ڈالتی، پاس پڑی چیزیں اٹھا اٹھا کر مارتی، گاؤں کے لوگوں کے مطابق اس پر سایا ہو گیا تھا، حسین جو اتنی تھی.
"صوفیہ بیٹا! چلو سوہنی کے گھر چلنا ہے" امی جان کی آواز نے میرا سکتہ توڑا.
میں مرے ہوئے قدموں سے امی جان کے ساتھ چل پڑی. 
جب ہم سوہنی کے گھر پہنچے تو وہاں ایک کہرام برپا تھا. جوان موت پر ہر ایک آنکھ اشک بار تھی.سوہنی کی ماں اور بہنوں کا رو رو کر براحال تھا.
"اسی آسیب نے جان لی ہے اس کی " میرے کانوں میں ایک عورت کی آواز پڑی.
" بیری والے پیر بابا نے تو آخری وقت تک کوشش کی اس منحوس مارے کو نکلنے کے لیے" دوسری عورت بولی.
"ارے انہی کے آستانے پر تو موت ہوئی ہے نمانی کی، پیر بابا کہہ رہے تھے آسیب جاتے جاتے سوہنی کی جان بھی لے گیا "تیسری نے بھی گفتگو میں حصہ لینا اپنا "فرض سمجھا. 
"پیر بابا تو بڑے پہنچے ہوئے ہیں، یاد نہیں میرے بہو کئی سالوں سے بے اولاد تھی، صرف تین دفعہ لے کر گئی ہوں انکے پاس، انکے دم درود سے اگلے ہی مہینے میری بہو کی گود ہری ہو گئی" تیسری عورت نے بھی ٹانکا جوڑا.
ہمارے گاؤں کی عورتوں کی یہ بہت بری عادت تھی. تعزیت کے ساتھ ساتھ انکی اپنی کمنٹری بھی جاری رہتی تھی.لیکن انکی باتوں نے مجھے بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا تھا. 
بیری والے پیر بابا گاؤں کے لوگوں کے لیے ایک مسیحا تھے جن کے پاس انکے ہر درد کی دوا تھی. مگر میرے بابا جان کہتے تھے کہ وہ پیر کے بھیس میں لوگوں کو بے وقوف بناتے ہیں. مگر لوگوں کا اس پر اتنا اندھا اعتقاد تھا کہ وہ اپنے گاؤں کی اکلوتی مسجد کے امام کی باتوں کو بھی خاطر میں نہ لاتے تھے. بابا جان نے سوہنی کے والد کو بہت سمجھایا کہ اسے شہر کسی دماغی امراض کے ڈاکٹر کو دکھاؤ، اس فراڈ پیر کے پاس مت لے کر جاؤ، مگر انھوں نے ایک نہ مانی. تقریباً ایک ماہ سے وہ سوہنی کا علاج اس پیر سے کروا رہے تھے، کاش کہ انھوں نے بابا جان کی بات مان لی ہوتی، تو سوہنی اس انسانی آسیب کے ہاتھوں نہ مرتی.



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے