از قلم :- شبیر احمد ڈار
(قسط اول)
گزشتہ دن قلم ہاتھ میں لیے ایک گہری سوچ میں مبتلا ہو گیا کہ آخر آج کس موضوع پر قلم کا استعمال کیا جائے اور ایسا موضوع جس سے ہماری نوجوان نسل لا علم ہو اور اس کی اہمیت بہت زیادہ ہو ۔ بہت سی موضوعات ذہن میں آئے اور آخر کار " عالمی ایام پر ایک نظر " کو ترجیح دی ۔ اس مضمون میں وہ تمام ایام شامل ہیں جو عالمی سطح پر منائے جاتے ان مضمون کو لکھنے کا مقصد نوجوان نسل کو عالمی ایام کے متعلق آگاہ کرنا ہے کہ آخر یہ دن کب اور کیوں منائے جاتے ہیں تفصیل درج ذیل ہے ۔
ہر سال 18 دسمبر کو یوم عربی ، 20 اپریل کو یوم چینی زبان ، 23 اپریل کو یوم انگریزی ، 20 مارچ کو فرانسیسی زبان کا عالمی دن ، 12 اکتوبر کو ہسپانوی زبان کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔ ان زبانوں کو منانے کا فیصلہ 2010ء میں ہوا ۔ ان زبانوں کا عالمی دن منانے کا مقصد ان زبانوں کی نشرو اشاعت ، ان زبانوں کی تاریخ ، ان کی اہمیت اور ان زبانوں کے بولنے والوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے ۔
19 اگست کو انسان دوستی کاعالمی دن منایا جاتا اس دن کو منانے کا آغاز 2008ء میں ہوا اور اس کا مقصد انسانی فلاح و بہبود اور انسانی جذبے کے تحت کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ہر سال 12 اپریل کو خلائی پرواز کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا آغاز 1967ء کو ہوا ۔ اس دن کو منانے کا مقصد خلائی سفر کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔ 16 ستمبر کو اوزون کے تحفظ کا عالمی دن منایا جاتا ہے اس دن کو منانے کا مقصد انسان کی غیر ذمہ دارانہ رویوں کی روک تھام اور تمام مخلوق کے لیے بہتر مستقبل کے شعور ، ذمہ داری ، عملی کام کو آگے بڑھانا ہے ۔ 16 نومبر 1995ء سے ہر سال برداشت کا عالمی دن منایا جاتا اس دن کو منانے کا مقصد برداشت کے متعلق لوگوں میں شعور اور لوگوں کو عزت و وقار کی زندگی بسر کرنے کے متعلق آگاہی دینا ہے ۔ 9 دسمبر کو ہر سال یوم انسداد بد عنوانی (کرپشن کا عالمی دن ) منایا جاتا جس کا مقصد کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ کی بحالی ہے۔ 8 ستمبر 1965ء سے ہر سال یوم خواندگی منایا جاتا ہے جس کا مقصد خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔
20 مارچ 2012ء سے ہر سال یوم خوشی یا یوم سعادت کا عالمی دن منایا جاتا جس کا مقصد مسکراہٹیں بکھیرنا ہے ۔ 21 فروری کو ہر سال مادری زبان کا عالمی دن منایا جاتا جس کا مقصد مادری زبانوں کا فروغ اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ 21 جون کو ہر سال یوگا کا عالمی دن منایا جاتا جس کا فیصلہ 11 دسمبر 2014ء کو ہوا اور اس کو منانے کا مقصد جسم کی روحانی ، ذہنی اور جسمانی مشق کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔ 24 اکتوبر کو ترقیاتی کاموں سے آگاہی کا عالمی دن منایا جاتا اور اس کا مقصد ترقیاتی کاموں کے بارے میں معلومات اور اطلاعات کی فراہمی ہے ۔ جوہری تجربوں کے خلاف 29 اگست 2010ء سے ہر سال عالمی دن منایا جاتا جس کا مقصد یہ شعور دینا ہے کہ جوہری تجربوں کے کیا نقصانات ہیں۔ 10 دسمبر کو ہر سال خودکشی سے بچاؤ کا عالمی دن منایا جاتا ہے اس دن کا مقصد لوگوں کو خودکشی سے بچاؤ کے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے ۔ 16 اکتوبر کو ہر سال ناقص غذا کی روک تھام اور شعور کے لیے یوم خوراک منایا جاتا ہے ۔ ذہنی و جسمانی معذوریوں سے وابستہ افراد کا عالمی دن 4 جنوری کو منایا جاتا ہے ۔ اسی سلسلے میں 4 جنوری کو بریل کا عالمی دن ، 21 مارچ کو ڈاؤن سینڈ روم کا عالمی دن ، 2 اپریل کو آئزم کا عالمی دن ، 7 مئی کو ھائیپر ٹینشن کا عالمی دن، 18 جون کو آٹسٹک پرائڈ کا عالمی دن، 8 ستمبر کو فزیکل تھریپی کا عالمی دن ، ماہ ستمبر کے آخری اتوار کو قوت سماعت کا عالمی دن ، 8 اکتوبر کو کمزور بینائی کا عالمی دن ، 10 اکتوبر کو ذہنی صحت کا عالمی دن ، 12 اکتوبر کو نابینا افراد کا عالمی دن ، 15 اکتوبر کو عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی ، 24 اکتوبر کو پولیو کا عالمی دن اور 3 دسمبر کو خصوصی افراد / معذوروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔
5 دسمبر 1985ء سے ہر سال رضاکاروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد رضاکاروں کی خدمات کو منظر عام پر لانا ہے ۔ 12 جون 1995ء سے ہر سال زرعی زمینوں کو بنجر ہونے سے بچانے کے لیے عالمی دن منایا جاتا ہے ۔ 11 فروری کو سائنس میں خواتین کا عالمی دن منایا جاتا جس کا مقصد خواتین کا سائنس و ٹیکنالوجی میں کردار کوبیان کرنا اور ان کو مزید اس منزل پر راغب کرنا ہے ۔ 22 مارچ کو عالمی یوم آب منایا جاتا ہے جس کا مقصد پانی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ 11 جولائی کو آبادی میں اضافے کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے عالمی یوم آبادی منایا جاتا ہے ۔ 3 مئی 1993ء سے ہر سال صحافت کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔ 15 اکتوبر کو معاشرے میں اساتذہ کے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے عالمی یوم اساتذہ منایا جاتا ہے ۔ 21 ستمبر کو لوگوں میں امن کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنے کے لیے عالمی یوم امن منایا جاتا ہے۔ یکم دسمبر کو ایڈز کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لیے عالمی یوم ایڈز منایا جاتا ہے۔ 8 جون کو انسانی زندگی میں پانی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے عالمی یوم بحر منایا جاتا ہے ۔
(جاری ہے )

0 تبصرے